اسلام آباد (خبرنگار) پی ڈی ایم اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کارکن تیار رہیں جب اسلام آباد بلایا جائے تو فوراً پہنچ جائیں، پورا ملک تیار رہے انہیں کسی بھی وقت اسلام آباد آنے کی کال دی جا سکتی ہے۔ عمران خان اسلام آباد جلسے میں 10 لاکھ افراد لانے کے بجائے 172 ارکان پورے کرنے کی فکر کریں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم کامیابیوں کے آخری مراحل میں ہیں‘ عمران خان اکثریت کھو چکے ہیں۔ کیونکہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں‘ عدم اعتماد پیش کر دی گئی ہے‘ اصولاً عمران خان اب عوام سے خطاب نہیں کر سکتے‘ الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے۔ عمران خان روس بھی اپنے اسرائیلی سالے کے کہنے پر گیا۔ بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ عمران خان کا حکم نہیں مانتے‘ عمران خان پاگلوں کی طرح گھوم رہا ہے‘ ممبران اسمبلی کسی صورت مرعوب نہ ہوں۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ آج ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
پورا ملک تیار ، کسی بھی وقت اسلام آباد آنے کی کال دے سکتے ہیں : فضل الرحٰمن
Mar 14, 2022