لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نااہل حکمران عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت فراہم کرنے میں بھی بری طرح ناکام ہیں۔ تبدیلی کے ساڑھے تین سالوں میں ادویات کی قیمتیں بیسیوں دفعہ بڑھائی گئیں جو غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔ علاج معالجہ پہلے ہی غریب کی پہنچ سے باہر تھا اب چار سو فیصد تک جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ لوگوں کیلئے شدید پریشانی اور مشکلات کا سبب بن چکا ہے سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کا فقدان غریب عوام کیلئے شدیدمشکلات کا باعث ہے۔ ثریا عظیم ہسپتال غریب اور نادار مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے والا بے مثال ادارہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریاعظیم ہسپتال میں مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔