سیالکوٹ میں ق لیگ کا احتجاجی مظاہرہ‘ شیخ رشید کا پتلا نذر آتش

Mar 14, 2022

سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) سیالکوٹ کے علامہ اقبال چوک میں پاکستان مسلم لیگ ق میٹرو پولیٹن کے زیراہتمام ڈپٹی ترجمان مسلم لیگ ق پنجاب و صدر سیالکوٹ صدف بٹ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں شیخ رشید کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ مظاہرے سے خطاب میں صدف بٹ نے کہا کہ ہماری پارٹی اور قائدین چودھری شجاعت حسین‘ چودھری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الٰہی نے ہر برے سے برے وقت اور مشکل حالات کے باوجود موجودہ حکومت کا ساتھ دیا ہے۔ خاص طور پر پنجاب حکومت کی نااہلیوں، نالائقیوں کے باوجود پنجاب حکومت کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں اور عمران خان کو سپورٹ کیا ہے۔ اس لئے ہم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نااہل اور اور ایک سیٹ والے وزیر کو سنبھال کر رکھیں۔ ورنہ ہماری زبان کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔ صدف بٹ نے کہا کہ شیخ رشید  چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی  سے معافی مانگے ورنہ ہمارا یہ احتجاج مزید آگے بڑھے گا۔ احتجاج میں مرزا مظہر مشتاق، چوہدری عمران جٹ ولانہ، چوہدری خلیل احمد اور دیگر رہنما اور کارکن شریک تھے۔
ق لیگ احتجاج

مزیدخبریں