اربیل(آئی این پی)شمالی عراق کے شہر اربیل پر بیلسٹک میزائل برسا دئیے گئے۔عراقی حکام کے مطابق اربیل شہر پر 12 بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کے جنوبی شہر اِربل میں گزشتہ شب امریکی قونصلیٹ اور کْرد ٹی وی کی عمارت پر درجنوں میزائل داغے گئے ہیں۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے سکیورٹی حکام نے امریکی قونصلیٹ اور کْرد ٹی وی کی عمارت کو میزائلوں سے نشانہ بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔امریکا کی وزارتِ دفاع کے ایک عہدیدار نے الزام عائد کیا ہے کہ حملہ پڑوسی ملک ایران سے کیا گیا ہے تاہم میزائل حملے سے ہونے والے نقصان پر عراقی اور امریکی حکام کے بیانات مختلف ہیں۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق نہ ہی قونصلیٹ کو نقصان پہنچا اور نہ وہاں کوئی زخمی ہوا جبکہ عراقی حکام کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ پر کئی میزائل گرے ہیں۔اے پی کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی عمارت نو تعمیر شدہ ہے اور فی الحال خالی ہے۔شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الوقت یہ بات یقینی طور پر نہیں کہی جا سکتی کہ کتنے میزائل داغے گئے اور ان میں سے کتنے قونصلیٹ پر گرے۔
عراق حملہ