اسلام آباد(خبر نگار)وفاقی وزیر برائے مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزارت کے ویب ایویلیوایشن سیل نے دو سالوں کے دوران گستاخانہ، فرقہ واریت اور غیر اخلاقی مواد کے 60,000 سوشل میڈیا لنکس کی اطلاع پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو دی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزارت نے تمام پہلووں سے مواد کا جائزہ لینے کے بعد لنکس کو بلاک کرنے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو بھیجا جبکہ مزید کارروائی کے لیے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے نیشنل ریسپانس سینٹر فار سائبر کرائم کو بھی کاروائی کی سفارش کی گئی۔ انہوں نے عوام پر زوردیا کہ نفرت انگیز مواد پھیلانے والے ایسے سوشل میڈیا اکاونٹس کی اطلاع دیں تاکہ ملک کے قانون کے مطابق ان کا مناسب طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔دریں اثنا، ویب ایویلیوایشن سیل کے فوکل پرسن محمد عمر بٹ نے کہا کہ وزارت نے ہمیشہ معاشرے کے تمام طبقات میں باہمی اور بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے عمر بٹ نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ کی نظر میں کسی کو بھی کسی مقدس ہستی اور چیز کے خلاف ایک بھی توہین آمیز تبصرہ، پوسٹ یا شیئر کرنے کا حق نہیں، سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کی توہین آمیز مواد آئینی طور پر حرام ہے اور اگر کوئی اس مجرمانہ سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
نور الحق قادری