طیب احمد شہزاد اور رضوان کی سنچریاں سدرن پنجاب فتحیاب

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں سدرن پنجاب نے طیب طاہر کی شاندار سنچری اور سلمان علی آغا کی نصف سنچری کی بدولت 367 رنزکا ہدف 8 وکٹیں گنوا کر میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔احمد شہزاد اور رضوان حسین کی سنچریاں رائیگاں گئیں۔ طیب طاہر نے 140 گیندوں پر 5 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 169 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے اعظم خان اور سلمان علی آغا کے ہمراہ بالترتیب 88 اور 145 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ اعظم خان 33 اور سلمان علی آغا 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت اور عثمان قادر نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ سینٹرل پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے تھے۔ اوپنرز احمد شہزاد 158 اور رضوان حسین 100 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں بیٹرز نے 243 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد کی اننگز میں 5 چھکے اور 20 چوکے جبکہ رضوان حسین کی اننگز میں 5 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ سلمان علی آغا اور خوشدل شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو 9  وکٹوں سے ہرادیا۔شرجیل خان اور خرم منظور کی نصف سنچریوں کی بدولت فاتح ٹیم نے 127 رنزکا ہدف 19 اوورز میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شرجیل خان 56 اور خرم منظور 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ  رہے۔ اس سے قبل دانش عزیز اور سہیل خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بلوچستان کی پوری ٹیم 126 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ لیفٹ آرم اسپنر دانش عزیز نے 10 جبکہ فاسٹ باؤلر سہیل خان نے 21 رنز دے کر 5،5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں کامران غلام کی سنچری کی بدولت خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 29 رنز سے شکست دے دی۔ 280 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی پوری ٹیم 250 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔عماد وسیم،  ناصر نواز اور آصف علی کی نصف سنچریاں بھی رائیگاں گئیں۔آصف آفریدی اور خالد عثمان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز بنائے تھے۔ کامران غلام نے 100 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی بدولت 118 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ عامر جمال، عماد وسیم اور سلمان ارشاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ای پیپر دی نیشن