اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) فروری 2022ء کے دوران ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائلز سمیت 11 مختلف برآمدی شعبوں کی برآمدات میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ان شعبوں کی برآمدات کا حجم 2.8 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ فروری 2021 میں برآمدات کی مالیت 2.06 ارب ڈالر رہی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق مردانہ ملبوسات کی برآمدات 49 فیصد بڑھوتری سے 309 ملین ڈالر کے مقابلہ میں فروری 2022 کے دوران 460 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ ہوم ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ فروری 2021 میں برآمدات سے 312 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیاتھا۔ تاہم فروری 2022 ء میں برآمدات کی مالیت 400 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ اس طرح خواتین کے ملبوسات کی برآمدات بھی 49 فیصد بڑھوتری سے 54 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 81 ملین ڈالر اور ٹی شرٹس کی برآمدات 41 فیصد اضافہ سے 47 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 66 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ مزید برآں نان ٹیکسٹائلز کے شعبوں میں چاول کی برآمدات میں 42 فیصد، چمڑے کے ملبوسات میں 24 فیصد اور پلاسٹک کی برآمدات میں 95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔