اسلام آباد( وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پنجاب کے سابق وزیر قانون راجہ بشارت کی جانب سے اپنے خلاف درج مقدمات سے متعلق دائر درخواست میں پولیس کوہراساں کرنے سے روکتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ دوران سماعت راجہ بشارت اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ایسا کوئی قانون ہی موجود نہیں ہے کہ ایف آئی آر سے متعلق پیشگی معلومات دی جائے،اعظم سواتی کیس میں بھی اسی طرح کا معاملہ زیر بحث آیا، بھارت میں بھی ایسا کوئی قانون موجود نہیں لیکن وہ کچھ اصلاحات کررہے ہیں، بھارت میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جاتی ہے، پولیس کو نوٹس جاری کررہے ہیں ، پھر یہ دیکھ لیتے ہیں، عدالت نے کیس کی سماعت 27 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔