اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات کا دائرہ کار بڑھا نے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ٹیکس معاملات میں حکام کی بدانتظامی کے خلاف فوری انصاف کی فراہمی میں محتسب کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وفاقی ٹیکس محتسب سال 2022کی رپورٹ پیش کرنے کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے صدر مملکت کو سال 2022 کی رپورٹ پیش کی ۔اس موقع پر صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا ایف ٹی او کوسال 2022 کے دوران 7000 شکایات موصول ہوئیں ، 2021 میں 2816 شکایات موصول ہوئیں،سال 2022 کے دوران7000 میں سے 6500 شکایات کا ازالہ کیا گیا ،ٹیکس محتسب نے 7 ارب روپے کے ریفنڈ کلیمز کی رقم ایف بی آر سے ٹیکس دہندگان کو ادا کروائی۔ صدر مملکت نے وفاقی ٹیکس محتسب کی جانب سے رسائی بڑھانے اورٹیکس دہندگان کو ریلیف پہنچانے پر ادارے کی کارکردگی کو سراہا ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہواوے کے عالمی آئی سی ٹی کے مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے بھاگ چند میگھوار کو مبارکباد دی ہے،صدر مملکت نے ایک ٹویٹ میں کہا بھاگ چند میگھوار پاکستانی نوجوانوں کیلئے مثال ہیں ۔