لاہور(خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ’’خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء ؓ کے بارے میں تفصیلی اور تحقیقی مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ خاتونِ جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراء ؓ عِفَّت و عظمت، عبادت و ریاضت اور تقویٰ و پارسائی میں نہایت اعلیٰ مقام پر فائز تھیں۔ آپؓ کی شان و عظمت کے سامنے آج بھی شاہانِ عالم کے سر جھکے ہوئے ہیں۔ تحفظ ناموس رسالت اور راہِ حق میں جہاد کے سلسلہ میں آپ کا کردار بہت بلند ہے۔ آپ کی خوشنودی رضائے رسول کا ذریعہ ہے۔ سیدہ پاکؓ کی عقیدت و محبت جنت کی نوید ہے۔ آپؓ کے فضائل و مناقب کے تذکرے سے گناہ جھڑے ہیں۔ دخترانِ اسلام کو ہر لمحہ آپ کی تعلیمات کی ضرورت ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام بھکھی شریف میں ’’فضائل سیدہ فاطمۃ الزہرائؓ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید محمد لقمان شاہ حسینی نے کی جبکہ حافظ محمد نذیر احمد گوندل مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں عوام کے جمِ غفیرسمیت پیر نعیم شاہ جلالی، پیرعارف شاہ جلالی، پیر فیاض الرحمن شاہ بخاری، پیر سجاد شاہ بخاری، پیر طارق شاہ بخاری جلالی و دیگر نے شرکت کی۔
سیدہ فاطمۃ الزہراء ؓ عفت و عظمت میں اعلیٰ مقام پر فائز تھیں:اشرف آصف جلالی
Mar 14, 2023