لاہور(نیوزرپورٹر) نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پنجاب بھر میں پہلی مرتبہ 55 ہزار قیدیوں کے ہیلتھ سکریننگ پروگرام کا افتتاح کیا۔پنجاب کی 43 جیلوں میں بیک وقت جاری ہیلتھ سکریننگ 17 مارچ تک پانچ دن میں مکمل کی جائے گی جس کے دوران مریضوں کے ایڈز، ہیپاٹائٹس، ٹی بی، شوگر اور بلڈ پریشر کے ٹیسٹ کرنے علاوہ انکا قد اور وزن بھی چیک کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی آئی جی جیل خانہ جات رانا راؤف، ایڈز کنٹرول پروگرام کے ڈاکٹر فاروق، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اسد جاوید واڑئچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی اور ڈسٹرکٹ ڈیزیز سرویلنس آفیسر ڈاکٹر وقار احمد بھی موجود تھے۔