لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ صفائی ذمہ داری شہری کی پہچان اور نصف ایمان ہے۔ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا صرف کسی سرکاری محکمے کی ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ صوبے بھر میں جاری 15 روزہ صفائی مہم کی کامیابی کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ 2ہزار مساجد میں صفائی کی اہمیت کے بارے میں خطبہ بھی دیا گیا ، 22 ہزار 6 سو آگاہی کیمپ لگائے گئے۔ شہری صفائی کے بارے میں اپنی شکایات ہیلپ لائن 1139 پر درج کروانے کے علاوہ فیس بک اور ٹویٹر پر بھی شیئر کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ میرے ذاتی ٹویٹر اکائونٹ کو بھی ٹیگ کر سکتے ہیں۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو صفائی مہم کی اب تک کی کارکردگی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر صوبہ بھر میں صفائی نصف ایمان مہم 19مارچ تک جاری رہے گی۔ محکمہ بلدیات نے 8 روز کے دورا ن صوبے کے مختلف شہروں،قصبوں اور دیہات میں ابھی تک ایک لاکھ 10 ہزار ٹن کوڑا ٹھکانے لگا یا ہے۔ اس کے علاہ سڑکوں کے کنارے پڑا ہوا21 ہزار ٹن ملبہ بھی اٹھایا گیا۔ مختلف علاقوں میں 6433 چوکوں چوراہوں کی صفائی اور تزین و آرائش کی گئی ہے۔ ابھی تک 1947 سے زیادہ بس اڈوں کی صفائی کی جا چکی ہے۔ تقریبا 35 سو کلومیٹر لمبی سیور لائنوں سے گار نکالی گئی جبکہ 3225 مین ہولز کور کر د ئیے گئے ہیں۔