اسلام آباد (نامہ نگار) وزیر مملکت برائے بجلی خرم دستگیر کے دورہ ایران کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ دونوں وزراء نے توانائی کے شعبے میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ نو ماہ کے ریکارڈ وقت میں ایران سے گوادر تک بجلی کی ترسیلی لائن بچھائی جائے گی۔ پاور سپلائی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تکنیکی ٹیموں کے تین سیشن ہوئے جس میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔ یہ منصوبہ گوادر کو بلاتعطل بجلی فراہمی کو یقینی بنائے گا اور ایک خوشحال گوادر کی بنیاد رکھے گا۔ اپنے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کے قومی دن کی مناسبت سے تہران میں سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے والے ایرانی سول اور فوجی معززین اور سفارت کاروں سے خطاب کیا۔ وزیر مملکت خرم دستگیر نے ترکی، شام اور خوئے، ایران میں زلزلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر نے ایران اور سعودی عرب کی قیادت کو ان کے سفارتی تعلقات کی بحالی پر مبارکباد دی۔ ایران کے وزیر توانائی علی اکبر محرابیان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔
گوادر بجلی
خرم دستگیر کا دورہ، ایران سے گوادر کو 100 میگا واٹ بجلی دینے کا معاہدہ
Mar 14, 2023