لاہور+ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور کی 36 نشستوں کیلئے 64 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ لاہور میں 1451 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی حاصل کئے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کے پانچ امیدواروں نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ گوجرانوالہ میں تحر یک انصاف شہر کے قومی اسمبلی کے دو امیدواروں نے صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا جبکہ سٹی جنرل سیکرٹری طارق گجر کے حلقہ میں چوہدری شبیر مہر امیدوار کے طور پر سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے صوبائی اسمبلی کی 14نشستوں پر متعدد امیدوارو ں کو ٹکٹ کنفرم کرنے کا گرین سگنل دے دیا۔ وفاقی وزیر انرجی خرم دستگیر خان کے مقابلے میں قومی اسمبلی کی نشست پر 90ہزار ووٹ لینے والے چوہدری صدیق مہر نے حلقہ پی پی 64سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حلقہ میں کشمیری برادری سے تعلق رکھنے والے سٹی صدر پی ٹی آئی خواجہ خالد عزیز لون مضبوط امیدوار ہیں۔ اور این اے 78سے سابقہ وفاقی وزیر بیرسٹر عثمان ابراہیم کے مقابلے میں پراپرٹی ٹائی کون ملک ریاض کے گرینڈ سن ان لاء اور چئیرمین سٹی ہائوسنگ عامر ملک کے داماد صنعتی گھرانے سے تعلق رکھنے والے امیدوار علی اشرف مغل نے پی پی 61سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ اس حلقے سے محمد افضل چیمہ اور بائو اکرام مہر بھی تحریک انصا ف کے امیدوار ہیں، حلقہ پی پی 62 سے ارائیں برادری سے تعلق رکھنے والے چوہدری شبیر مہر کو تحریک انصاف کے ٹکٹوں کیلئے نامزد کیے جانے والے بورڈ کے اہم رکن میاں محمود الرشید کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے سینئر نائب صدر سینٹرل پنجاب صدر محمد احمد چٹھہ نے پی پی 51 علی پور چٹھہ، پی پی 52 وزیر آباد چوہدری محمد یوسف مہر، حلقہ پی پی 53سے جمال ناصر چیمہ کو گرین سگنل جبکہ پی ٹی آئی کے بانی رہنما ڈاکٹر سجاد محمود دھاریوال بھی امیدوار ہیں جن کو صوبائی صدر پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے حمایت حاصل ہے۔ حلقہ پی پی 54 سے میاں حسن یوسف ایڈووکیٹ، پی پی 55عمیر پرویز ورک، پی پی 56 محمد ارقم خان، پی پی 59حسن اقبال بٹرک، حلقہ پی پی 60سے رضوان اسلم بٹ، حلقہ پی پی 63سے لالہ اسداللہ پاپا کو پارٹی کی جانب سے گرین سگنل دیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کے کاغذات زین قریشی نے پی پی 217 سے اپنے والد شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ زین قریشی نے اپنے کاغذات نامزدگی بھی پی پی 217 سے جمع کرائے۔ فواد چودھری نے پی پی 26 جہلم میں کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ فواد چودھری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر روز نئے مقدمات درج ہو رہے ہیں، ہمیں انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، مریم نواز نے پائن ایپل کے ڈبے اور کچن کے مصالحے چمچے اور برتن تک نہیں چھوڑے۔ (ن) لیگ کو عمران خان اور بشریٰ بی بی سے معافی مانگیں اور توبہ کریں۔ رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان نے پی پی 177 قصور سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہم شفاف انتخابات کے حامی ہیں، پی پی 3 سے یاور بخاری نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کاغذات