رمضان : پنجاب میں 10 کروڑ اسلام  آباد ایک ملین افراد کیلئے مفت آٹا



لاہور+ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) رمضان المبارک میں غریبوں کو مفت آٹا کی فراہمی کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت نے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب میں ایک کروڑ 58 لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ  محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 10 ویں  اجلاس میں پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کیا۔ پنجاب کابینہ نے رمضان المبارک کے دوران صوبے کے عوام کو مفت آٹے کی فراہمی کا تاریخ ساز فیصلہ کیا۔ پنجاب کابینہ نے53ارب روپے کے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے  پروگرام کی منظوری دی۔ خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت60ہزار روپے سے کم آمدن والے خاندانوں کو آٹے کے تھیلے مفت دیئے جائیں گے۔ ایک خاندان رمضان المبارک کے دوران شناختی کارڈ کے ذریعے 10 کلو آٹے کے 3 تھیلے فری لے سکے گا۔ تقریباً ایک کروڑ 58 لاکھ خاندان اور 10 کروڑ افراد مفت آٹے کے پیکیج سے مستفید ہوں گے۔ پیکیج سے تقریباً پنجاب کی 90فیصد آبادی مستفید ہوسکے گی۔ مخصوص کریانہ سٹورز، ٹرکنگ پوائنٹس اور یوٹیلٹی سٹورز پر مفت آٹا دستیاب ہوگا۔ مفت آٹے کی فراہمی کا آغاز 25شعبان سے کیا جائے گا اور یہ پیکیج 25رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبہ بھر میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سٹورز اور ٹرکنگ پوائنٹس مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بڑے سٹورز کو بھی مفت آٹے کی فراہمی کے لئے خصوصی کاؤنٹرز بنانے کا پابند کیا جائے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خصوصی رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کیلئے سافٹ ویئر  تیار کر لیا ہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹر ڈ گھرانے مفت آٹے کا خصوصی پیکیج لے سکیں گے۔ جبکہ غیر رجسٹرڈ اہل خاندان بھی فون کے ذریعے رجسٹریشن کرا کر مفت آٹا حاصل کرسکیں گے۔ کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈپی اوز اپنے متعلقہ اضلاع میں مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کی مانیٹرنگ کریں گے۔ پیکیج کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی۔ٰ محسن نقوی نے  کہا کہ میرے سمیت صوبائی وزرائ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور پوری انتظامی مشینری اس نیک کام کی کامیابی کے لئے فیلڈ میں موجود رہے گی۔ یہ قومی ذمہ داری بھی ہے اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین موقع بھی۔ وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت رمضان پیکج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔  شہباز شریف نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب عوام کیلئے رمضان میں مفت آٹا کی فراہمی کا پیکج تیار کیا گیا ہے، آٹے کی تقسیم 8 ہزار 500 یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی  عوامی سہولت کیلئے آٹے کی تقسیم کے مزید 20 ہزار پوائنٹس قائم کئے جائیں،  شہباز شریف نے کہا کہ مفت آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں۔  وفاقی حکومت دیگر صوبوں کو بھی اس پروگرام میں معاونت فراہم کرے گی۔ دوسری جانب  شہباز شریف نے کپاس کی رواں سال قیمت 8500 روپے فی من (40 کلو) مقرر کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کپاس کی سپورٹ پرائس جلد از جلد اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظور کرانے کیلئے پیش کی جائے۔  صوبائی حکومتیں کسانوں کو کپاس کی مقرر کردہ قیمت کی فراہمی یقینی بنائیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس کی پیداوار بڑھانے اور کپاس کی سپورٹ پرائس مقرر کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اسلام آباد کے 10 لاکھ لوگوں کو رمضان میں مفت آٹا  فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان کو بھی سکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ وزیراعظم نے کہا رمضان میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ وزیراعظم نے موٹرسائیکل اور رکشہ والوں کو سستے پٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر موٹرسائیکل، رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کا  پروگرام تیار کر لیا گیا۔ اجلاس کو موٹرسائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پٹرول پر بھی  بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے متعلقہ افسروں کو پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے کہا کہ موٹرسائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں ٹھوس فضلے (سالڈ ویسٹ) کو تلف کرنے کے منصوبہ کا فوری طور پر اجراء کیا جائے۔ ٹھوس فضلے کو تلف کرنے کا ماڈل پنجاب میں  موجود ہے۔ گھروں سے فضلہ اکٹھا کرنے سے لیکر لینڈ فل سائیٹ تک منتقلی کے تمام مراحل کو آؤٹ سورس کیا جائے اور منصوبہ کے دوسرے مرحلہ میں فضلے سے بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ سازی کی جائے۔

سستا آٹا؍ پٹرول 

ای پیپر دی نیشن