کراچی (کامرس رپورٹر) ملک سے غربت کے خاتمے اور مزدوروں کی فلاح وبہبود اور ان کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) اور تصدیق پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستحط ہوگئے ہیں۔ایم او یو پر آباد سدرن ریجن کے چیئرمین راحیل رنچ اور تصدیق پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد یار جنجوعہ نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت تصدیق پاکستان ، آباد کے ممبران کے تعمیراتی منصوبوں میں ورکرز کی تصدیق کیلئے ٹیکنکل مدد فراہم کرے گی۔ معاہدے کے تحت آباد کیلئے آن لائن کسٹمر سروس مخصوص کی جائے گی جس کی نگرانی چیف آپریٹنگ آفیسر احمد یار جنجوعہ کریں گے۔آباد ممبران کو تمام معلومات تصدیق پاکستان فراہم کرے گی۔ تصدیق پاکستان موجودہ اور مستقبل انفارمیشن اور کمیونی کیشن ٹیکنالوجی میں بھی آباد کو مدد فراہم کرے گی۔ آباد تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں کی رجسٹریشن میں تصدیق پاکستان کا پلیٹ فارم استعمال کرتے ہوئے سہولت کاری فراہم کرے گی۔ آباد اور تصدیق پاکستان تعمیراتی شعبے میں کام کرنے والے مزدوروں کی تعلیم وصحت کے حوالے سے مدد کیلئے مالکان کی حوصلہ افزائی کریں گی۔علاوہ ازیں ریسرچ اور ٹریننگ کے حوالے سے بھی آباد اور تصدیق پاکستان باہمی تعاون کریں گی۔ آخر میں چیئرمین آباد الطاف تائی اور تصدیق پاکستان کے آپریٹنگ آفیسر احمد یار جنجوعہ ایم او یو کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔