لاہور(کامرس رپورٹر) فوڈ پانڈا، پاکستان کے معروف فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم نے فائنڈ مائی ڈاکٹر کے ساتھ ایک نئی شراکت داری کا اعلان کیا ہے تاکہ اپنے رائیڈرز کو صحت کی خدمات فراہم کی جا سکے۔ اس شراکت داری کے تحت، FMD مفت آن لائن ڈاکٹروں کی مشاورت، لیب ٹیسٹنگ کے نرخوں پر رعایت اور فوڈ پانڈا رائیڈرزکو ادویات کی ترسیل کی خدمات پیش کرے گا۔ فوڈ پانڈا پاکستان کے مینیجنگ ڈائریکٹر منتقہ پراچہ نے کہا کہ’’ ہم اپنے رائیڈرزکو صحت کی ضروری خدمات فراہم کرنے کیلئے فائنڈ مائی ڈاکٹر کے ساتھ شراکت داری کرنے پر نہایت خوشی محسوس کرتے ہیں۔ ہمارے رائیڈر ہمارے کاروبار کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ہمارا ماننا ہے کہ ان کی فلاح و بہبود کو خصوصاً ان مشکل وقتتوں میں ، یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہمارے رائیڈرز کو رعایتی نرخوں پر معیاری صحت عامہ کی خدمات تک رسائی حاصل ہو گی، جس سے ان کیلئے صحت مند اور محفوظ رہنا آسان ہو جائے گا۔‘‘ تمام فوڈ پانڈا رائیڈرز کو بھروسہ مند، رجسٹرڈ لیبز کی طرف سے فراہم کردہ معیاری لیب ٹیسٹنگ ریٹس پر 40% رعایت ملے گی جو ISO9001 کے میعار کو پورا کرتی ہیں،اس کے ساتھ رائیڈرز خصوصی پرومو کوڈز کا استعمال کرتے ہوئے کراچی بھر میں تمام ادویات کی ترسیل پر 15% رعایت حاصل کریں گے۔ فائنڈ مائی ڈاکٹر کے سی ای او سعد وہاب صدیقی نے کہا کہ’’ ہم فوڈ پانڈا کے ساتھ شراکت کرنے اور ان کے رائیڈرز کو اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے پرجوش ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ صحت کی معیاری خدمات تک رسائی ایک بنیادی حق ہے، اور ہم لوگوں کیلئے ان خدمات تک رسائی کو آسان بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔