انسداد پولیو مہم ،21ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے: وزیرصحت


اسلام آباد(خبرنگار)وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب میں پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 21 ملین سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے پانچ روزہ پولیو مہم دو مرحلوں میں منعقد کی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع ، سندھ کے 16 اضلاع اور اسلام آباد میں 5 سال سے کم عمر کے 17.41 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہوگاانہوں نے کہا کہ رمضان کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی سات اضلاع میں 4.12 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے۔عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کوپولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے وزیر صحت نے کہا کہ رمضان اور عید قریب آنے کے ساتھ آبادی کی نقل و حرکت وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو نہ صرف اس مہم میں بلکہ ہر مہم میں انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

ای پیپر دی نیشن