کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز VIIIمیں ایچ ایم آر واٹر فرنٹ پر تیسری ویمن پاور رن کی 5کلومیٹر طویل میراتھون کا
کامیاب انعقاد ہوا۔ میراتھون Born 2 Run Pakistanکے زیر اہتمام ہوئی جو پاکستان کا سب سے بڑا رننگ کلب ہے۔ میراتھون خواتین کیلئے مخصوص تھی۔ رواں سال میراتھون خواتین کے عالمی دن سے منسوب کی گئی تھی۔ میراتھون کا گزشتہ تین سال سے کامیاب انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر بورن ٹو رن پاکستان کلب کے بانی و سی ای او سہیل سردار کا کہنا تھا کہ خواتین کا معاشرے میں اہم کردار ہے۔ پاکستان کی نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے جہیں برابری کے حقوق آئین اور قانون فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خواتین کی مفت میراتھون کا انعقاد گزشتہ 2سال سے کیا جا رہاہے جس میں ہر سال خواتین کی بڑی تعداد حصہ لیتی ہے اور رواں سال اس میراتھون کو تین سال مکمل ہوگئے۔ سہیل سردار نے مزید کہا کہ اتوار کی صبح ہونے والی میراتھون میں ہر طبقہ اور ہر عمر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جنہوں نے 5کلو میٹر طویل ٹریک پر دوڑ کر صحت مند سرگرمی میں حصہ لیا۔ تقریب کے بعد میراتھون میں کامیاب ہونے والی خواتین کو انعامات سے نوازا گیا۔