اصلاح معاشرہ  کیلئے روڈ میپ متعین ہونا چاہئیے، وائس چانسلر اوپن یونیورسٹی


اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ اسلامی فکر، تاریخ و ثقافت، کلیہ عربی و علوم اسلامیہ کے زیر اہتمام 'فکر اسلامی میں روایت و جدت:تاریخی و عصری تناظرات'کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا  اصلاح معاشرہ کے لئے روڈ میپ متعین ہونا چاہئیے، جس پر عمل پیرا ہوکر نئی نسل ایک اچھی زندگی کا آغاز کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو سننے اور جاننے سے ہی برداشت کا کلچر فروغ پاتا ہے، ہمیں اپنی ذات کے حصار سے نکل کر دوسروں کو سننے اور گفتگو کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اس امر سے معاشرے میں محبت، تعاون اور برابری کی فضا قائم ہوگی،ڈاکٹر محمد خالد مسعود نے کہا کہ اب مغرب بدل رہا ہے،  اسلام میں مغرب اور مغرب میں اسلام موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ مشرق و مغرب کا فرق اب نہیں رہا ہے، دونوں اقوم مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدت آتی رہے گی اور امت مسلمہ قرآن و سنت سے حل نکالتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جدت کا مقابلہ کرنے اور روایت سے جڑے رہنے کے لئے ہمیں پیمانے بدلنے ہوں گے۔ڈاکٹر افتخار ملک نے' جدیدیت اور روشن خیالی:نئے فکری تناظر کے لئے ضروری' پر اپنا مقالہ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن