یورپی یونین کو خط لکھا نہ ایسا کوئی ارادہ ہے: تحریک انصاف 

Mar 14, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے یورپی یونین کو خط لکھنے کا عائد کیا گیا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس جھوٹ اور الزام تراشی کے مجموعے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین واحد جماعت ہے جو وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور پی ٹی آئی کی طرف سے یورپی یونین کو نہ کوئی خط لکھا گیا ہے اور نہ ہی خط لکھنے کا کوئی ارادہ ہے۔ تحریک انصاف اور بانی چیئرمین عمران خان کی اپنے خلاف بدترین انتقام کے باوجود عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) پروگرام کی کامیابی کے لیے کاوشیں سب کے سامنے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے تجربہ کار وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نااہلی اور ہٹ دھرمی آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بنی، جس کی گواہی ان کے اپنے لیگی وزراء دے چکے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی دوسری قسط جاری کی گئی، ملک کو دیوالیہ کی دہلیز پر پہنچانے والے مجرموں کے گروہ کو ایک بار پھر عوامی منشا کے برخلاف مسلط کر دیا گیا ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پارٹ ٹو کے تمام ’تجربہ کار‘ وزراء کا مقصد قومی فلاح نہیں بلکہ قومی خزانے سے اپنی تجوریاں بھرنا ہے، جی حضوری کے بدلے ملنے والی جعلی وزارتوں کے نتیجے میں ہوش و حواس کھو کر جھوٹ اور لغویات کا نیا سلسلہ شروع کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں