اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے بدھ کو وزارت انسداد منشیات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں اپنا دفتر استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میرے لئے ایک ہی دفتر کافی ہے۔ دو وزارتوں میں دفاتر وسائل کا ضیاع ہے۔ وزارت انسداد منشیات میں میرے دفتر کے سٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں منسٹر آفس بند کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ منسٹر آفس کی افرادی قوت کو وزارت میں دیگر ضروری جگہوں پر استعمال کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلا س ہوا۔ وفاقی وزیر کو وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفننگ دی گئی۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے منشیات کا سدباب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر اور دیگر اعلی حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے ایف آئی اے حکام کے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں پر ان کو ادارہ جاتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایف آئی اے کے تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ کو انسانی سمگلنگ، مالی جرائم بشمول منی لانڈرنگ، حوالہ ہنڈی، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ، کرپشن اور سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے ایف آئی اے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے بریفننگ پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف آئی اے انٹرپول کی کارکردگی کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے ایف آئی اے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی ادویات بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کیا جائے۔ سائبرکرائم ونگ کی کارکردگی بڑھانے کے لیے مزید تھانے قائم کیے جائیں۔ منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے گی۔ ایف آئی اے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کو ترجیحات میں شامل کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ محسن نقوی پاکستان کے49 ویں وزیر داخلہ ہیں۔ وزارت داخلہ آمد پر سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی سمیت وزارت کے سینئر حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ دریں اثناوزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور اس کے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔