غربت کے خاتمہ، ترقی کیلئے چینی ماڈل کی پیروی کرینگے: وزیراعظم

اسلام آباد(شنہوا+خبر نگار خصوصی)  وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین مشترکہ اقدار و ترقی اور باہمی خوشحالی کے ایجنڈے کے تحت مل کر آگے بڑھیں گے، سی پیک پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’شنہوا‘ کوانٹرویو میںشہباز شریف نے چینی صدر کی پرتپاک مبارکباد اور پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان 70 برسوں سے زیادہ دوستی کو اب مزید بلندیاں سر کرنا ہے۔  چین میں جدت اور ماڈرنائریشن ایک کامیاب ماڈل اورکامیاب کہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، دیہی علاقوں، قصبوں اور شہروں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے جلد آغاز، زراعت و صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگرپلیٹ فارمز کی ترقی کے لیے پاکستان کو چینی ماڈل کی پیروی کرنا ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ چین۔ پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے، پاکستان چین کی جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اور زرعی شعبے میں چین کو راغب کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک، پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے، ہم صنعتی پارکس اور برآمدی زونز کے قیام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں ، جہاں پر ہم چین کی جدید ٹیکنالوجی اور پاکستان کی سستی لیبر کی مدد سے چینی تاجروں و سرمایہ کاروں کے ساتھ ٹیکسٹائل، اسٹیل اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے چشم براہ ہیں۔ ان مشترکہ منصوبوں کے ذریعے زراعت، صنعت اور آئی ٹی وغیرہ میں اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار ہوں گی، ہمارے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور پاکستان کی پیداوار اور برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے ٹرانسپورٹ کے نظام کو برقی نظام کی طرف موڑنے کی امیدکر رہا ہے تاکہ درآمدی ایندھن میں کمی کی صورت میں زرمبادلہ بچایا جائے اور ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جاسکے، یہ جدید ٹیکنالوجی کے زریعے ممکن ہوگا جو اس وقت چین اور دنیا کے دیگر حصوں میں دستیاب ہے۔ چین پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے، شہباز شریف نے کہا کہ وہ ممکنہ مناسب وقت پر دورہ چین کے منتظر ہیں ۔ وزیر عظم کیساتھ  چین کے سفیر نے بھی ملاقات کی ،  وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے انتھک محنت کرے گی ، چینی کمپنیوں کو پاکستان مین کئی منافع بخش مواقع ملیں گے ،  چینی سفیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی جو انہوں کے قبول کر لی ۔ 
اسلام آباد( خبرنگار خصوصی +نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ)  وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے اخراجات کو کم کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، کمیٹی 7 رکنی ممبران پر مشتمل ہو گی اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے عملی منصوبہ پیش کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی۔ کمیٹی کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے ہوں گے۔ اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات اور وفاقی حکومت کا حجم کم کرنا ہوگا، کمیٹی حکمت عملی طے کرکے عملدر آمد کا منصوبہ بنائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی،خوشحالی  اور مہنگائی اور عوام کی معاشی مشکلات کے خاتمے کیلئے سب کو مل کر کام کرناہوگا، 300 یوٹیلٹی سٹورز اور1200 موبائل یونٹس کے ذریعے کروڑوں مستحقین میں سستے آٹے ، چینی ، دالوں  ، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کی جارہی ہیں ، اس عمل میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسلام آباد میں مختلف یوٹیلیٹی سٹورزکے دورے کے موقع پر گفتگوکر رہے تھے۔وزیراعظم نے مستحقین سے ملاقات کی اور ان سے ان کی مشکلات اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان پیکج کے حصول کے لئے والے مستحقین کو کسی مشکل کاسامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے فراہم کی جانیوالے اشیاکے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیاجائیگا، کہیں کوئی غیر معیاری اور ناقص اشیاکی شکایت ملی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔  وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت رمضان ریلیف پیکج کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ 3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو بی آئی ایس پی کے تحت سہ ماہی وظیفہ دیا جائیگا۔وزیراعظم نے دعا کی کہ رمضان المبارک کی برکت سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور دورہ ہو  اور مہنگائی و عوامی مشکلات کا خاتمہ ہو ۔ ہم سب کو اس کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈرشیخ محمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اوربحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسی الخلیفہ اور ان کے شاہی خاندان بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔وزیراعظم نے جنرل شیخ محمد کا پاکستان میں پرتپاک خیر مقدم کیا اور بحرین کی قیادت کا بطور وزیر اعظم دوبارہ انتخاب پر مبارکباد کے پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین دفاعی تعاون ہے اور ان کا دورہ ان تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مستقبل قریب میں ایک بار پھر بحرین کے بادشاہ کی میزبانی کا منتظر ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن نے اسٹورز کے اوقات کار بڑھادیے۔اب افطاری کے بعد رات 10 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کو یومیہ 500 روپے افطاری الاؤنس ملے گا جو چاند رات تک دیا جائیگا۔ دریں اثناء وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سربراہ اے این پی اسفندیار ولی خان کی اہلیہ اور صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان کی والدہ محترمہ کی وفات پر فاتحہ خوانی کیلئے انکی رہائشگاہ ولی باغ  چارسدہ گئے۔ انکے ہمراہ وزراء بھی موجود تھے۔  وزیر اعظم نے  مرحومہ کیلئے فاتحہ خوانی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ اس موقع پراے این پی کے ایمل ولی خان ،حاجی غلام احمد بلور اور سابق سنیٹر ہدایت اللہ سمیت اے این پی کے دیگر قائدین بھی موجودتھے ۔

ای پیپر دی نیشن