مقبوضہ کشمیر: نیشنل فرنٹ پر بھی پابندی، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے

نئی دہلی (کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید کشمیری رہنما نعیم احمد خان کی زیر قیادت جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ پر بھی پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایکس پراعلان کیا کہ مودی حکومت نے جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کو غیر قانونی تنظیم قرار دیا ہے۔ جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیئنر رہنما نعیم احمد خان کی زیر قیادت جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ پر پابندی کو ریاستی دہشت گردی کی شرمناک کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے جبکہ ضلع پونچھ کے علاقے مینڈھر میں لوگوں نے پانی کے شدید بحران کے حوالے سے قابض حکام کی بے حسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے علاقے میں پانی کی شدید قلت کے اہم مسئلے کو حل کرنے میں قابض حکام کی ناکامی اور اس مسئلے کو طویل عرصے سے نظر انداز کئے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔ دوسری جانب بھارت نے پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی کو ہوا دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں کنٹرول لائن پر جدید ترین اینٹی ڈرون سسٹم نصب کر دیا ہے۔ یہ نظام بھارتی فوج اور پیرا ملٹری بارڈر سکیورٹی فورس بی ایس ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔  نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے شہریت ترمیمی قانون کے نفاذ کو بی جے پی کی طرف سے مسلمانوں کو رمضان کا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان ہمیشہ سے ہی بی جے پی کا نشانہ رہے ہیں اور اس بار بھی ایسا ہی کیا گیا۔ عمر عبداللہ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چن چن کر صرف مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیاہے، یہ بی جے پی کی کوئی نئی سیاست نہیں بلکہ یہ پہلے سے ہی ان کا رویہ رہاہے۔

ای پیپر دی نیشن