حکومت بجٹ تیاری میں بیورو کریسی کی بجائے سٹیک ہولڈر زکو مشاورت میں شامل کرے 

Mar 14, 2024

لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کیلئے صرف بیورو کریسی پر انحصار کی بجائے تمام سٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میںپیشگی شامل کرنا چاہیے۔ آئندہ بجٹ میں ،زرعی ترقی، بلو اکانومی، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ،ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر اور صنعتی فروغ کے نئے منصوبوں کو ترجیح دینا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیر نے ٹیکس ماہرین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں برآمدات کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کی جائے ، چھوٹی سے چھوٹی برآمدی صنعت کو بھی مراعات اور ریلیف دینے کا اعلان کیا جائے ، اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کو برآمدات کی مد میں ہونے والی آمدن کے تناظر میں دیکھا جائے اور اسی طرح انہیں بھی مراعات دی جائیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے جو ممکن اقدامات ہو سکتے ہیں وہ اٹھائے جائیں کیونکہ موجودہ حالات میں پاکستان کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔

مزیدخبریں