ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کی ضیافت کا مہینہ ہے: ریاض نجفی  

Mar 14, 2024

لاہور( خصوصی نامہ نگار ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہ ہے کہ ماہ مبارک رمضان اللہ تعالیٰ کی ضیافت کا مہینہ ہے۔ پورے مہینے کے روزہ فرض کئے گئے ہیں۔ اس ماہ مقدس میں قرآن مجید نازل کیا گیا ہے جو تمام لوگوں کیلئے ہادی و رہبر ہے اور اس میں ہدایت کی واضح دلیلیں بیان کی گئی ہیں۔قرآن مجید حق و باطل کے درمیان فرق کرنیوالی کتاب ہے۔ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ سے منسوب مہینہ ہے جس میں روزہ دار اللہ تبارک و تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں۔ رمضان المبارک ماہ ہدایت بھی ہے۔جامع علی مسجد حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر میں خطاب کرتے ہوئے حافظ ریاض نجفی نے کہا ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ خالی رمضان نہ کہا کریں، بلکہ رمضان المبارک کہیں۔ جیسے کہ قرآن مجید کو خالی قرآن کہنا ٹھیک نہیں ہے بلکہ قرآن مجید ،قرآن کریم یا قرآن حکیم کہیں۔ یہ نام قرآن مجید میں موجود ہیں یا اپنی زبان میں قرآن پاک کہہ لیں تو یہ بھی ٹھیک ہے۔ رمضا ن المبارک اخلاقیات سکھانے والا مہینہ بھی ہے۔ رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں۔ ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ رشتہ دار ہماری جتنی مخالفت کرتے رہیں آپ صلہ رحمی کریں۔حکم خداوندی ہے کہ اپنی زبانوں کی حفاظت کرو، اپنی زبانوں سے وہ کلمہ نہ نکالو جن کی وجہ سے آپ کو پریشان ہونا پڑے۔ زبان سے کسی کی غیبت نہ کرو۔

مزیدخبریں