خواجہ عمران نذیر نے تمام ورٹیکل پروگرامز پر رپورٹ طلب کرلی 

Mar 14, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نزیر نے تمام ورٹیکل پروگرامز کی پرفارمنس اور انیشیٹیوز پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔کہا ان پروگرامز کے تمام اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔ انہوں نے تمام ورٹیکل پروگرامز کی ریویمپنگ کرنے کیلئے جامع منصوبہ وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہر ورٹیکل پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ورٹیکل پروگرامز کے مختص کردہ فنڈز ہر صورت میں شفاف طریقے سے خرچ کئے جائیں گے تاکہ مطلوبہ انڈیکیٹرز حاصل کئے جائیں۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نزیر نے یہ ہدایات ورٹیکل پروگرامز کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں قائم ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے جلد دورے کروں گا، پنجاب میں پولیو کا خاتمہ میرا مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایف ایم صحت زندگی سٹوڈیو دیکھنے کیلئے جلد دورہ کریں گی۔عوام کو حفظان صحت کے اصولوں اور لئے گئے انیشیٹیوز پر  ایف ایم سٹوڈیو میں قومی ہیروز اور معروف فنکار بلاکر عوام کی آگاہی کیلئے پیغامات دیں گے۔محکمہ صحت کے تمام انیشیٹیوز سے متعلق آگاہی کیلئے سوشل میڈیا سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

مزیدخبریں