نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک تیز رفتار ٹرک شادی کی تقریب میں عین اس وقت جا گھسا جب وہاں مہمانوں کو کھانا کھلایا جا رہا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ مبینہ طور پر ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جس میں 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں باورچی اور ویٹرز بھی شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 10 زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفتیش کا عمل جاری ہے۔ مجرمانہ غفلت ثابت ہونے پر ٹرک ڈرائیور کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔