اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن سید سبط الحیدر 'نذیر ڈھوکی اور سابق ایم پی اے زمین خان نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذولفقار علی بھٹو کو سپریم کورٹ سے 44 سال کے بعد انصاف ملا ہے جس کے انصاف کے حصول کے لیے پارٹی نے بہت جدوجہد کی ہے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صدرآصف علی زرداری نے بطور صدرسپریم کورٹ کو ریفرنس بِھیجا جس پر بہت سالوں بعد فیصلہ آیا۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ شہید ذولفقار علی بھٹو واپس نہیں آسکتے مگر تاریخ درست کر دی گئی ہے۔اس کے بعد بھٹو کی برسی پر پارٹی کے جیالے ان کے سامنے سرخرو ہوں گے۔سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر آصف علی زرداری بطور صدردستخط کریں گے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 9 مارچ کو صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کامیاب ہوں گے۔ووٹوں کی نمبر گیم میں مطلوبہ ووٹوں سے زائد ووٹ آصف علی زرداری کے پاس ہیں۔اس کے بعد سینٹ کے ضمنی اور جنرل انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ صوبوں کے گورنرز کی تعیناتی کے لیے 2 گورنر پیپلزپارٹی کے اور 2 ن لیگ کے ہوں گے۔ حکومت سازی کا عمل آخری مراحل میں ہے۔سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی نے کہا ہمارے انتخابات پر تحفظات ہیں مگر جے یو آئی سڑکوں پر چیخ رہی ہے۔بقول مولانا کے ان کا مینڈیٹ خیبر پختونخواہ میں چوری ہواجبکہ وہ شور سندھ میں مچا رہے ہیں۔انتخابات کے خلاف دھاندلی روکنے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے تا کہ مستقبل میں دھاندلی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے کردار ادا کرے۔وفاق کے بغیر خیبرپختونخواصوبہ نہیں چل سکتا۔ جہاں 9 سال تک قرضے لیے گئے اور اب تنخواہوں کے پیسے نہیں ہیں۔صوبے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔
شہید ذولفقار علی بھٹو کو سپریم کورٹ سے 44 سال بعد انصاف ملا ،فیصل کریم کنڈی
Mar 14, 2024