سینیٹ کی خالی 6 نشستوں پرضمنی انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ووٹنگ کا عمل شام 4 بجے تک جاری رہے گی، اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 جنرل نشستوں پر الیکشن ہورہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا عمل قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہورہا ہے جہاں تینوں ایوان کے ارکان حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، سینیٹ کی یہ نشستیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفورحیدری، نثارکھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ وفاق کی نشست پر سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ریٹرننگ آفسر ہیں، سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کےامیدوار سید یوسف رضا گیلانی اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار چوہدری الیاس مہربان کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سندھ میں سینیٹ کی دو نشستیں پیپلزپارٹی کے مہتاب ڈہر اور نثار کھوڑو کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئیں سندھ اسمبلی کو سینیٹ کے انتخاب کے لیے پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے جہاں پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے 4 امیدوار میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی کے امیدواروں میں اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو جب کہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل امیدوار ہیں، اسی طرح بلوچستان سے سینیٹ کی3 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے 9 امیدوار میدان میں ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علماء اسلام ف نے سینیٹ انتخابات میں تعاون کا فیصلہ کرلیا، دونوں جماعتوں کے درمیان سینیٹ الیکشن میں تعاون کا اعلان اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا، جس میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی اور نیئر بخاری شریک ہوئے جب کہ جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنماء مولانا عبدالغفورحیدری نے اپنی جماعت کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر کہا گیا کہ جے یو آئی ف اسلام آباد کی سینیٹ کی نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی حمایت کرے گی، جس کے بدلے میں جمعیت علمائے اسلام ف کو بلوچستان سے سینیٹرز کے انتخاب میں پیپلزپارٹی کی مدد ملے گی، اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے جے یو آئی ف کو بلوچستان کی سینیٹ کی نشستوں پر حمایت کی یقین دہانی کرادی ہے۔