کم قیمت اشیائے ضروریہ کی فراہمی ،وز یر زراعت کا سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ

راولپنڈی( جنرل رپو رٹر ) رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو معیاری، وافر اور کم قیمت اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا مشن جاری ہے۔ اس مقصد کیلئے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے  سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر خوراک اور وزیر زراعت نے سبزی و فروٹ منڈی میں پیاز کی نیلامی کے عمل کو مانیٹر کیا اور موقع پر ہدایات دیں۔ صوبائی وزرا نے مارکیٹ کمیٹی  اور آڑھتیوں کے اجلاس کی صدارت کی اور مارکیٹ میں سبزی و فروٹ کی سپلائی کو بڑھانے کی ہدایت کی تاکہ قیمتوں میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکے۔ مارکیٹ کمیٹی ذمہ داران اور آڑھتیوں کے وفد نے صوبائی وزرا کو یقین دہانی کروائی کہ کل سے مارکیٹ میں پیاز، ٹماٹر اور آلو کی سپلائی میں اضافہ کیا جائے گا جس کی بدولت آنے والے دنوں میں ان اجناس کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے اجلاس میں ہدایت کی کہ درآمد میں اضافے اور مارکیٹ میں بہتر مینجمنٹ سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں۔ وزیر خوراک نے کہا کہ قیمتیں کم ہوں گی تو عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے گا جو ہمارا اصل مشن ہے۔ صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور کم قیمت پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ انکا کہنا تھا کہ ماہ مبارک میں شہریوں کو معیاری، وافر اور کم قیمت اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ حکومت پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور مارکیٹ میں پھلوں کیساتھ ساتھ پیاز، ٹماٹر اور آلو کی سپلائی کو بہتر بنایا جا رہا ہے جو قیمتوں میں کمی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتطامیہ مارکیٹ کے تمام عوامل پر بھرپور نظر رکھے اور بہتر مینجمنٹ سے عوام کیلئے ریلیف یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر دی نیشن