صدر مملکت کا چینی ہم منصب کو خط،عملی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کااعادہ

Mar 14, 2024 | 14:14

 صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھا گیا ہے جس میں چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدرِ مملکت نے اُن کا شکریہ ادا کیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں۔صدرمملکت کا کہنا ہے کہ پاک چین مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے کلید کی حیثیت رکھتی ہے، دونوں ممالک سدابہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔صدرمملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اورچین نے اقتصادی راہداری سمیت دوطرفہ تعاون میں نمایاں پیشرفت کی، صدر شی جن پنگ کی غیر متزلزل حمایت سی پیک کی ترقی کے لیے ناگزیر رہے گی۔صدر مملکت نے کہا ہے کہ تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میں جوڑا ہے، باہمی احترام، افہام و تفہیم مشترکہ خیالات سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں