کراچی: لاپتہ کمسن بہن بھائی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری

Mar 14, 2024 | 22:46

ویب ڈیسک

کراچی:  لاپتہ کمسن بہن بھائی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔عدالت نے دونوں بچوں اور خالہ فرحین عرف سونیا کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا، حکم نامے میں کہا گیا فرحین عرف سونیا بچوں کو متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر نہیں لے جاسکتی. ایس ایس پی سینٹرل کسی افسر کو فوری تعینات کریں جو فرحین عرف سونیا کے گھر کا پتہ کرے۔حکم نامہ میں مزید کہا گیا پولیس افسر یقینی بنائیں کہ بچوں کو تھانے کی حدود سے باہر نہ جانے دیا جائے. پولیس افسر ہر ہفتے رپورٹ عدالت میں جمع کرائے، بچوں کی تعلیم کا سلسلہ شروع کرایا جائے. انہیں صرف اس مقصد کے لئے متعلقہ تھانے کی حدود سے باہر جانے کی اجازت ہے۔عدالت نے عدالتی احکامات عملدرآمد کے لئے ایس ایس پی سینٹرل کو ارسال کرنے کا حکم دیا. بچوں نے اپنے بیان بتایا کہ انکی خالہ اور خالو کا رویہ ظالمانہ تھا، بچوں نے اپنےبیان میں بتایا کہ وہ اپنی دوسری خالہ فرحین عرف سونیا کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں. دونوں بچوں کے والدین کی 2015ء میں علیحدگی ہوگئی تھی۔عدالت کے مطابق بچوں کی والدہ یو اے ای میں رہتی ہیں اور کبھی کبھار بچوں سے ملنے آتی ہیں. علیحدگی کے بعد والد نے بچوں کی کسٹڈی کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا. بچوں کی کسٹڈی ان کے والد کا حق ہے تاہم والد کی جانب سے ماضی میں ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔عدالت نے حکم نامے میں کہا بچوں نے کہا وہ اپنی خالہ فرحین عرف سونیا کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، عدالت بچوں کی عارضی کسٹڈی خالہ فرحین عرف سونیا کے حوالے کرتی ہے. بچوں کی خالہ دونوں بچوں کی کسٹڈی کے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرائے۔سابق وفاقی وزیرڈاکٹرعاصم حسین نے ایان اور انابیہ سے ملاقات کی اور دونوں بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا. ایان اورانابیہ کو ضیاء الدین سکول میں مفت داخلہ دیا جائے گا، سکول کی جانب سے دونوں بچوں کو مفت کتابیں اوریونیفارم بھی مہیا کیا جائے گا۔ایان اورانابیہ کرونا کے بعد سے اب تک سکول نہیں جا سکے. بارہ سالہ ایان نے جماعت دوم جبکہ گیارہ سالہ انابیہ نے جماعت اول تک تعلیم حاصل کی ہے۔

مزیدخبریں