سپریم کورٹ نے این آراو عملدرآمد کیس کے سلسلہ میں وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کو پچیس مئی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔

May 14, 2010 | 12:42

سفیر یاؤ جنگ
سپریم کورٹ آف پاکستان میں این آر او کے فیصلے پر عمل در آمد کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے کی ۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے عدالت کو بتایا کہ سیکریٹری قانون عاقل مرزا کا استعفیٰ منظور ہو گیا ہے اور انہوں نے عدالت کو فیکس کے ذریعے اپنی علالت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ، جس پر فاضل عدالت کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے  کہ وزیر قانون بابر اعوان خود عدالت میں پیش ہوں اوراین آراو عملدرآمد کیس سے متعلق تمام حقائق سے عدالت کو آگاہ کریں ۔ اس موقع پرعدالت نے وفاقی وزیرقانون بابراعوان کو پچیس مئی کو طلب کرنے کے احکامات جاری کیے اوراس کیس کی سماعت پچیس مئی تک ملتوی کر دی  ۔ آج عدالت میں سیکریٹری داخلہ قمر زمان، چیئرمین نیب نوید احسن اور پراسیکیوٹر جنرل نیب عرفان قادر  بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
مزیدخبریں