اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ محترمہ کے قتل کی جگہ دھونے سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے اور انہوں نے یہ رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کر دی ہے تاکہ تحقیقاتی کمیٹی رپورٹ سے استفادہ کرسکے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ دانستہ ظاہر نہیں کی گئی تاکہ قتل کی تحقیقات مثبت سمت میں آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائےگی۔ یاد رہے کہ سیکرٹری کیبنٹ رؤف چودھری کی سربراہی میں بھی ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے اس بات کا تعین کرنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی جائے وقوع کو دھونے کا حکم کس نے دیا تھا۔