رائے ونڈ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی حکومتی قرارداد خاصی کمزور ہے جس میں ایبٹ آباد آپریشن پر کسی کو بھی ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس قرار داد میں ڈرون حملوں کی بندش اورکسی کے احتساب کا بھی کوئی ذکر نہیں، انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں امریکی فورسز کی کارروائی کے دوران کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین انتہائی ضروری ہے،واشنگٹن پوسٹ میں آرٹیکل لکھنے والے واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام کی بات نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پوائنٹ اسکورنگ نہیں بلکہ وہ عوامی جذبات کی ترجمانی کر رہے ہیں اور ان کی جماعت نے پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میںوہ تمام سوالات اٹھائےجن کا جواب قوم جاننا چاہتی ہے