اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + سٹاف رپورٹر + ریڈیو نیوز) پاکستان اور بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں زیر تعمیر وولر بیراج کے تنازعے کو معاہدہ سندھ طاس کے تحت حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ بھارت نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ وہ اس متنازعہ منصوبے کا جامع ٹیکنیکل ڈیٹا ایک ماہ کے اندر پاکستان کو فراہم کر دے گا تاکہ پاکستان کی تشویش دور کی جا سکے۔ پاکستان اس ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد رواں سال پندہ ستمبر کے اجلاس میں اپنا م¶قف پیش کرے گا۔ یہ بھی طے پایا اس ٹیکنیکل ڈیٹا کے جائزے اور معاہدہ سندھ طاس کی روشنی میں اس تنازعہ کے کیلئے پیشرفت کیلئے کوشش کی جائے گی۔ پاکستان بھارت مذاکرات کے اختتام پر دفتر خارجہ نے جمعہ کے روز دونوں ملکوں کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے پاکستان اور بھارت کے پانی و بجلی کے وفاقی سطح کے سیکرٹریوں کے درمیان خوشگوار ماحول میں یہاں مذاکرات منعقد ہوئے۔ بھارتی وفد نے پانی و بجلی کے وفاقی وزیر سید نوید قمر کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں کی طرف سے اس عزم کا اظہار کیا گیا وہ تعمیری نکتہ نظر سے بات چیت کے عمل میں حصہ لیں گے۔ دونوں ملکوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا اس تنازعہ کو جلد معاہدہ سندھ طاس کے تحت حل کیا جائے۔آئی این پی کے مطابق وولر بیراج کے معاملے پردونوں ممالک کے درمیان دو روزہ مذاکرات جمعہ کو اختتام پذیر ہو گئے۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق مذاکرات دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ مذاکرات میں دونوں جانب سے تعمیری تعاون کے جذبے کے تحت دوطرفہ رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے تحفظات کو دور کرنے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا بھارت ایک ماہ کے اندر جامع تکنیکی ڈیٹا پاکستان کو فراہم کرے گا جس کا جائزہ لینے کے بعد پاکستان 15 ستمبر تک بھارت کو اپنی رائے سے آگاہ کرے گا۔ نوید قمر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری آبی وسائل دھریو وجے سنگھ نے کہا بھارت وولر بیراج کے مسئلے پر لچک دکھانے کیلئے تیار ہے اور مسئلہ کا ایسا حل چاہتا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کیلئے فائدہ مند ہو جب تک اس کا حل نہیں نکلتا مذاکرات کا عمل جاری رکھیں گے۔ ریڈیو نیوز کے مطابق مذاکرات میں تعطل کے خاتمے کےلئے بھارتی وفد نے سیکرٹری آبی ذخائر دھیرووجے سنگھ کی قیادت میں وفاقی وزیر پانی و بجلی سید نوید قمر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا بھارت وولر بیراج کے ڈیزائن میں تبدیلی پر رضا مند ہو گیا اور یقین دلایا ہے یہ تنازعہ سندھ طاس معاہدے کے تحت حل کیا جائےگا۔انہوں نے کہا پاکستان بھی وولر بیراج کا تنازعہ سندھ طاس معاہدے کے تحت حل کرنا چاہتا ہے۔ بھارتی وفد نے یقین دلایا ہے ڈیزائن میں تبدیلی کی جائے اور تفصیلات پاکستان کےساتھ شیئر کی جائیں گی۔
وولر بیراج ڈیزائن