پارٹی قیادت سے اختلافات ختم‘ عطا مانیکا نے استعفیٰ واپس لے لیا‘ مسلم لیگ ن سے کوئی شکایت نہیں تھی: رہنما یونیفکیشن بلاک

May 14, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خبر نگار+ آئی این پی+آن لائن) ق لیگ ہم خیال کے سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر نے گزشتہ روز عطا محمد مانیکا سے ملاقات کی، عطا مانیکا نے ہم خیال گروپ پنجاب کی صدارت سے اپنا استعفی واپس لے لیا، عطا مانیکا نے نوائے وقت سے گفتگو میں کہا کہ پارٹی قیادت سے اختلافات ختم ہو گئے۔ مسلم لیگ ن سے کوئی شکایت نہیں تھی۔ پنجاب اسمبلی میں یونیفکیشن بلاک کے رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ (ہم خیال) پنجاب کا صدر ہوں۔ مجھے جب یہ اطلاع ملی کہ مرکزی قیادت رائے ونڈ جا رہی ہے اور مجھے اعتماد میں بھی نہیں لیا گیا تو فطری بات ہے کہ دکھ ہوا۔ انہوں نے کہا ٹی وی پر جب یہ خبر چلی کہ میں رائے ونڈ نہیں گیا تو پہلے وزیراعظم یوسف گیلانی نے لندن سے رابطہ کیا پھر گورنر لطیف کھوسہ نے فون کیا اور ”خیریت“ معلوم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں مگر میں کہیں نہیں جا رہا۔ جہاں کھڑا تھا آج بھی وہیں کھڑا ہوں۔ قبل ازیں ملاقات میں ہمایوں اختر نے عطا مانیکا کے تمام تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ عطا مانیکا نے ملاقات کے بعد اپنا استعفیٰ واپس لے لیا۔ ہمایوں اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عطا مانیکا (ق) لیگ ہم خیال پنجاب کے اب بھی صدر ہیں۔ انہوں نے جماعت کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ پارٹی کا اثاثہ ہیں۔
مزیدخبریں