کراچی میں جلسے جلوسوں پر پابندی، فائرنگ، کریکر حملے میں 3 افراد ہلاک

کراچی میں جلسے جلوسوں پر پابندی، فائرنگ، کریکر حملے میں 3 افراد ہلاک

May 14, 2013

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی سمیت سندھ بھر میں دفعہ 144 کے تحت جلسے‘ جلوس اور ریلیوں پر پابندی لگادی گئی‘ دفعہ 144 کے نفاذ کا حکم پیر کو محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا اور اس بارے میں باقاعدہ طورپر نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق دفعہ 144 کراچی سمیت سندھ بھر میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے سبب نافذ کی گئی۔ دریں اثنا کراچی کے علاقے پیر آباد میں موٹر سائیکل سواروں کے کریکر سے حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے جنہیں امدادی کارکنوں نے ہسپتال منتقل کیا مرنے والے اور زخمیوں کی فوری طور پر شناخت ہو سکی نہ حملہ آوروں کا سراغ ملا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر اورنگی ٹاﺅن میں موٹر سائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں لانڈھی میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیکر چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
کراچی جلسے جلوس

مزیدخبریں