پشاور (نوائے وقت رپورٹ) بیگم نسیم ولی نے کہا ہے کہ اے این پی کو انتخابات کا بائیکاٹ کرنا چاہئے تھا۔ اسفند یار ولی کو سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی، دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے اے این پی کے لئے حالات سازگار نہیں تھے، لیڈر اسلام آباد میں بیٹھے تھے اور کارکن مر رہے تھے۔ پارٹی کے ناراض کارکنوں کو منانے کیلئے خود نکلوں گی۔ اے این پی کی شکست کی بڑی وجہ افراسیاب خٹک کو پارٹی میں شامل کرنا ہے۔ مجھے اور باچا خان کے پیروکاروں کو نظرانداز کیا گیا۔ بیگم نسیم ولی نے طالبان کو مذاکرات کی دعوت دیدی۔ انہوں نے اے این پی کی کمانڈ اپنے ہاتھ میں لینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر امن کی بات کرتی ہے تو میں بہت خوش ہوں۔ امن کیلئے میں ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔
اسفند یار کو سیاست کی الف ب بھی نہیں آتی‘ پارٹی کی کمانڈ خود کرونگی: نسیم ولی
May 14, 2013