اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ وفاق مخالف بیانات قومی استحکام اور ہم آہنگی کیلئے نقصان دہ ہیں، تاریخی انتخابات پر وفاقی و صوبائی حکام کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، ملک میں انتخابات میں کہیں بھی دھاندلی کی شکایات ہیں تو الیکشن کمشن کو بھجوائیں، الیکشن کمشن ہی ان شکایات پر ایکشن لینے کیلئے قانونی فورم ہے۔گذشتہ روز ایوان وزیراعظم سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ایسے بیانات جن سے تشدد کی فضا قائم ہو ملک کی سلامتی کیلئے نقصان دہ ہیں، تمام سٹیک ہولڈرز آئین، جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی مقدم رکھیں۔ امید ہے سیاسی جماعتوں اور عوام تحمل کا مظاہرہ کرینگے۔ انتقال اقتدار کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو گا، انتقال اقتدار کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرامن انتقال اقتدار سے جمہوریت مضبوط ہو گی اور کسی تاخیر کے بغیر منتخب نمائندوں کو اقتدار منتقل کر دیا جائے گا۔ اے پی پی کے مطابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے ملک کی اقتصادی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران انہوں نے بتایا گیا کہ وزارت پانی و بجلی کے اشتراک سے وزارت خزانہ کی کوششوں کے نتیجہ میں انتخابات کے روز ملک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور باصلاحیت انسانی وسائل سے مالا مال ہے جسے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے اور اپنی حقیقی استعداد کے مطابق اقتصادی سطح حاصل کرلے گا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر شاہد امجد چوہدری نے وزیراعظم کو معیشت کی صورتحال اور اس میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
منتخب نمائندوں کو بلاتاخیر اقتدار منتقل کر دینگے‘ سیاسی جماعتوں کے وفاق مخالف بیانات قومی استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں: نگران وزیراعظم
May 14, 2013