لاہور (سید شعیب الدین سے) مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اور صوبہ خیبر پی کے میں تحریک انصاف کی فتح کے بعد بھلائے گئے اہم ترین منصوبے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی امید پیدا ہو گئی۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف دونوں کی قیادت پاکستان سے جلد از جلد تاریکیوں اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف اور کارخانوں کو چالو کرنا چاہتی ہیں جبکہ کالا باغ ڈیم ہی ایک ایسا منصوبہ ہے جس کی تعمیر کیلئے تمام ہوم ورک مکمل ہے اور صرف تعمیر شروع کرنے کا اشارہ کی دیر ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے 1997ءمیں کالاباغ ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اے این پی کے اتحادی جماعت ہونے کی وجہ سے وہ اس اعلان کو حقیقت میں نہیں بدل سکے تھے۔ تحریک انصاف کی خیبر پی کے میں کامیابی اور نوجوانوں کی اس فتح میں بھرپور شرکت کے بعد اب ممکن ہو گیا ہے کہ عمران خان اپنے نوجوان پیروکاروں کے ذریعے خیبر پی کے میں یہ بات منوانے میں کامیاب ہو جائیں کہ کالا باغ ڈیم بنانے سے نوشہرہ نہیں ڈوبے گا بلکہ ملک کے مقدر پر چھایا اندھیرا چھٹ جائے گا۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے نہ صرف 3600 میگاواٹ بجلی مل سکے گی بلکہ پنجاب، خیبر پی کے اور صوبہ سندھ میں بنجر زمینوں کو آباد کرنے کیلئے سارا سال پانی بھی میسر ہو گا۔