کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ بانی و قائد تحریک الطاف حسین کونیکوپ کارڈاور پاکستانی پاسپورٹ جاری نہ کرناایم کیوایم کے7سینیٹر ز، 25ایم این ایز، 52ایم پی ایزاور کروڑوں چاہنے والے عوام کا استحقا ق مجروح کرنے کے مترادف ہے اور یہ عمل آئین کے بھی سراسر خلاف ہے۔ قومی شناختی حاصل کرنا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن حید عباس رضوی نے دیگر اراکین واسع جلیل، وسیم اختر، سیف یار خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 4 اپریل 2014ء کو الطاف حسین نے تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اپنے نیکوپ یعنی نیشنل اڈینٹیٹی کارڈ اوورسیز پاکستانی کیلئے اپلائی کیا اور اسی کے ساتھ ساتھ دیگر سفری دستاویزات کیلئے کوشش کی اور باقاعدہ درخواست دی۔ 17 اپریل کو دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم نے اپنی پریس بریفنگ میں کہا کہ الطاف حسین کی درخواست موصول ہوگئی ہے اور اسے وزارت داخلہ بھیج دیا گیا ہے۔ مگر یہاں پانچ ہفتے گزرنے کے بعد بھی الطاف حسین کو نیکوپ جاری نہیں کیا گیا اور اس صورتحال میں عجیب و غریب دلائل سامنے لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنا آئینی و قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں ہم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اس سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے اور عدالتوں کارخ کریں گے۔
الطاف کو نیکوپ کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کرنا ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی، سینیٹروں کروڑوں عوام کی توہین ہے: رابطہ کمیٹی
May 14, 2014