بوجمورا (اے ایف پی) افریقی ملک برونڈی میں شدید مظاہروں اور ہنگاموں سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کا حل نکال لیا گیا۔ ایک اعلیٰ عہدے کے جنرل گوڈے فروئڈ نیومبارے نے صدر پائرے نکورن زیزا کو ہٹا کر ٹی وی سمیت کئی اداروں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ایک ٹی وی کے ملازم نے غیرملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی۔ فوج نے بغاوت کر دی ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا کہ صدر کی جانب سے تیسری بار الیکشن لڑنے کی کوشش آئین کے خلاف ہے۔ سینکڑوں مظاہرین نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کی عمارت کی جانب مارچ کیا۔ پولیس اور فوج نے ہوائی فائرنگ کی۔ ادھر صدارتی ترجمان نے فوج کے اعلان کو مذاق قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ صدر پائرے بیرون ملک کانفرنس میں شرکت کے لئے گئے ہوئے ہیں۔ یاد رہے جنرل گوڈے کو صدر پائرے نے انٹیلی جنس چیف کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ کئی ماہ سے جاری ہنگاموں میں 20 افراد مارے گئے تھے۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان نے صورتحال پر اظہار تشویش کیا ہے۔ بان کی مون نے کہا فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔ فرانس نے کہا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے۔