اثاثہ جات ریفرنس کیس‘ آصف زرداری کو سکیورٹی خدشات پر ایک روز کا استثنیٰ‘21مئی کو دوبارہ طلبی

May 14, 2015

راولپنڈی (نوائے وقت نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو سکیورٹی خدشات کے باعث آج حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 21مئی تک ملتوی کردی گئی۔ سابق صدر کی خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت راولپنڈی احتساب عدالت کے جج خالد رانجھا نے کی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے دی گئی درخواست کو نیب عدالت نے منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ سکیورٹی خدشات کے باعث آصف زرداری پیش نہیں ہوسکتے۔ حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے آصف زرداری کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کاحکم دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ ماضی میں آصف علی زرداری کو مناسب سکیورٹی فراہم نہیں کی گئی، حکومت پنجاب کو چاہیے کہ سابق صدر کو بہترین سکیورٹی فراہم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری چاہتے ہیں کہ کیس چلے اورجلد سے جلد ختم ہو۔ عدالت نے پولیس کو آصف زرداری کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

مزیدخبریں