ایف بی آر کے چھاپے نہ رکے تو کاروبار بند کرنے پر مجبور ہونگے : تاجر برادری

May 14, 2015

لاہور، (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تاجروں کو سیلز ٹیکس آڈٹ کے نوٹس بھجوانے اور انڈسٹریل یونٹس، دکانوں، گوداموں اور دفاتر پر چھاپے مارنے کے اعلانات کا سلسلہ نہ رکا تو تاجر کاروبار بند کرنے پر مجبور ہونگے جس سے بے روزگاری میں اضافہ اور حکومت کے محاصل میں کمی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل 150رکنی وفد نے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد میں انجمن تاجران ہال روڈ کے بابر محمود، انجمن تاجران اردو بازار کے خالد پرویز، اشرف بھٹی، طارق فیروز، محمد آصف، محمد علی میاں، شیخ محمد ارشد و دیگر شامل تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر اور نائب صدر سید محمود غزنوی نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ یونٹس، دفاتر، دوکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارنے اور تاجروں کو نوٹس بھجواکر ہراساں کرنے سے روکیں کیونکہ اس سے تاجر برادری میں خوف و ہراس پیدا ہورہا ہے۔ میاں نعمان کبیر اور سید محمود غزنوی نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے کوششیں کررہی ہے جبکہ بیوروکریسی تاجر برادری کو ہراساں کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔

مزیدخبریں