نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں نچلی ذات کے ہندو دولہا کو گھوڑے پر بیٹھ کر بارات لانے پر اونچی ذات کے ہندوئوں کے پتھرائو کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع رتلام کے گائوں نیگرون میں دلت نوجوان پون مالویا اپنی بارات لیکر رات گئے جب پہنچا تو اونچی ذات کے ہندوئوں نے اس کا گھوڑا چھین لیا جس کے بعد لڑکی والوں نے پولیس کی بھاری نفری بلوا لی اور لڑکے کے لئے دوسرے گھوڑے کا بندوبست کیا گیا۔ پولیس حکام کے مشورے پر برہمنوں کے پتھرائو سے بچنے کیلئے ہیلمٹ پہن کر ہاتھ میں روایتی تلوار لئے پون مالویا نے اپنی شادی کی رسومات پوری کیں اور پولیس کی نگرانی میں روانہ ہوا۔ پولیس نے اونچی ذات کے 77ہندوئوں کیخلاف 2مقدمات درج کرلئے، واضح رہے کہ دنیا کی ’’عظیم جمہوریت‘‘ بھارت میں نچلی ذات کے دلت ہندوئوں سے حقارت آمیز سلوک کا رجحان برسوں پرانا ہے۔ اونچی ذات کے برہمنوں کی طرف سے دلت دولہوں پر تشدد کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں۔