دورہ انگلینڈ کی تیاری ، قومی کرکٹرز کا کیمپ آج سے کول میں شروع ہو گا

May 14, 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) فوجیوں کے زیر نگرانی قومی کرکٹرز کا بوٹ کیمپ آج سے کاکول اکیڈمی میں شروع ہو گا ۔سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کرکٹرز کا فٹنس ٹیسٹ تین روز پہلے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا۔ مصباح الحق عمرے کی وجہ سے ٹیسٹ میں شامل نہیں ہو سکے تھے لیکن وطن واپسی کے بعد بخار میں مبتلا ہو گئے۔ اب قومی کپتان کاکول میں فٹنس ٹیسٹ دیں گے۔ دورہ انگلینڈ میں شامل قومی کرکٹرز دو ہفتے تک بوٹ کیمپ میں ٹریننگ کے بعد انگلینڈ میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد میں کیمپ لگانے کی وجہ کھلاڑیوں کو برطانیہ سے ملتے جلتے ماحول میں تربیت دینا ہے۔ کیمپ میں کوچز کے ساتھ فوجی ٹرینرز بھی کرکٹرز کو ٹریننگ کروائیں گے۔ فیلڈنگ کوچ گرانٹ لڈن کی نگرانی میں کیمپ کے کھلاڑیوں کے روزانہ فزیکل فٹنس کے تین سیشن ہونگے جس میں دوڑ‘ ورزش‘ فیلڈنگ پریکٹس کے ساتھ فوجی ٹریننگ میں شامل ایکسرسائز بھی کروائی جائیں گی۔کیمپ کا دورانیہ دو ہفتے ہوگا جس کیلئے فوجی ٹرینرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔پی سی بی کے زیر اہتمام انگلینڈ کے دورہ کے لیے تیاریوں کے سلسلے میں لگائے گئے 15روزہ تربیتی کیمپ کی نگرانی پاک فوج کے افسران کریں گے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان چار ٹیسٹ ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 کی سیریز 14 جولائی سے شروع ہو گی جبکہ قومی کرکٹ ٹیم 14 جون کو برطانیہ روانہ ہو گی ، برطانیہ کے بعد پاکستان آئرلینڈ کے خلاف بہی دو ون ڈے میچز کھیلے گا۔

مزیدخبریں