نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں سرحدی دراندازی کے خاتمے کے لئے وقت درکار ہے اور راتوں رات کنٹرول لائن پر دراندازی کے سبھی راستوں کو سیل کرنے کا سوال ہی نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ کشمیر میں امن و امان کی بحالی کے سکیورٹی ایجنسیاں کام کر رہی ہے اور اس سلسلے میں وہ بہتر طور پرجنگجویانہ حملوں سے نمٹنے کے لئے بھی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صورت حال کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاہم انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ملک دشمن سرگرمیوں کے لئے کسی کو کوئی کھلی چھوٹ نہیں ملے گی اور نہ اس سلسلے میں کسی کو اس شبہ میں رہنا ہو گا کی پی جے پی سرکار ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں سرحد پاردراندازی یقینی طور پر ایک خطرہ بنا ہوا ہے لیکن ابھی یہ خطرہ برقرار رہے گا کیونکہ سرحد پر مکمل طور پر تاربندی نہیں ہو سکتی۔ کنٹرول لائن پر ایسے مقامات بھی ہیں جہاں تاربندی کے بارے میں سوچا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں ہر معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہو گا یہی وجہ ہے ہم سمجھتے ہیں کہ صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے ہمیں ایک مرتبہ مکمل طور پر لائن آف کنٹرول کی تاربندی کرنی ہو گی۔
سرحد پار تربیتی مراکز امن کیلئے شدید خطرہ ہیں : بھارتی وزیر داخلہ کی ہرزہ سرائی
May 14, 2016