آندھی: تار ٹوٹ کر گرنے سے لڑکی جاں بحق‘ لو ڈشیڈنگ بھی جاری

لاہور(نامہ نگاروں سے) مکڑوال میں آندھی کے باعث بجلی کے تار ٹوٹ کر گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث لڑکی جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی اور قیمتی گائے ہلاک ہوگئی، لالیاں اور سلانوالی میں شدید گرمی کے باعث 21 افراد بیہوش ہوگئے‘ ہفتہ وار چھٹی کے باوجود مسلسل 2,2گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی رہی۔ مکڑوال سے نامہ نگار کے مطابق مکڑوال میں آندھی سے 11000 کے وی بجلی کے تار ٹوٹ کر ایل ٹی لائن پر گرگئے جس سے لوگوں کی قیمتی اشیاء فریج، پنکھے وغیرہ جل گئے۔ لوگوں نے گرڈ سٹیشن انچارج کو فون کیا وہاں تمام عملہ غیر حاضر تھا سکیورٹی انچارج نے ایک دفعہ بجلی بند کردی لیکن دوبارہ بجلی آن کرنے پر امان اللہ خٹک مرحوم کی لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ مسمیان فتح خاں، نجیب اللہ خان، موسم خان زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ امیر عالم مرحوم کی گائے بھی بجلی کا کرنٹ لگنے سے مرگئی۔ عوامی، سماجی حلقوں نے گرڈ اسٹیشن انچارج، انکے عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ لالیاں سے نامہ نگار کے مطابق لالیاں سلانوالی اور گرد نواح میں گرمی میں اضافہ، 21افراد بیہوش ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے 21افراد جن محمد آصف ، رحمن، انور علی ، عالیہ ، سکینہ ، نور بی بی ، کرم الدین ، الٰہی بخش وغیرہ گرمی کی وجہ سے نڈھا ل ہوگئے جس کو مقامی ہسپتالوں میں لایا گیا جہاں ان کو طبی امداد دی گئی سات افرادکی حالت دیکھ کر ان کو ہسپتالوںمیں داخل کیا گیا ۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ اورگردونواح میں اعلانیہ‘ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ‘دیہی علاقوں میں مسلسل تین ‘تین ‘شہری فیڈروں پر دوگھنٹوں کی لوڈشیڈنگ۔ مختلف علاقوں میں اعلانیہ‘ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے ہفتہ وارتعطیل کے روز شہری فیڈروں پر دودوگھنٹے ‘جبکہ دیہی فیڈروں پرتین تین گھنٹے کی مسلسل لوڈشیڈنگ جاری ‘ شہریوں کو شدیدمشکلات کاسامنا رہا ۔اسلام آبادسے آئی این پی کے مطابق وزارت پانی وبجلی کے مطابق ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ صفر ہے، پیداوار 16ہزار 803میگاواٹ جبکہ بجلی کی طلب 20ہزار 470میگاواٹ رہی۔

ای پیپر دی نیشن